بدھ 17 دسمبر 2025 - 18:23
سڈنی میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت؛ وکٹورین پارلیمنٹ میں بین المذاہب اجلاس، شیعہ کمیونٹی کی مؤثر شرکت

حوزہ/ اس اہم نشست میں وکٹوریہ کی پریمئر، متعدد وزراء اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد یہ واضح پیغام دینا تھا کہ دہشت گردی کسی ایک مذہب یا قوم کا مسئلہ نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آسٹریلیا کی وکٹورین پارلیمنٹ میں اتوار کو سڈنی کے ساحل پر پیش آنے والے دہشت گردی کے المناک واقعے کی مذمت، ملک میں امن و امان کے فروغ اور متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بامقصد اور پُروقار بین الثقافتی (ملٹی کلچرل) اجلاس منعقد ہوا۔

اس اہم نشست میں وکٹوریہ کی پریمئر، متعدد وزراء اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد یہ واضح پیغام دینا تھا کہ دہشت گردی کسی ایک مذہب یا قوم کا مسئلہ نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے۔

شیعہ اثنا عشری کمیونٹی کی نمائندگی کے لیے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ابوالقاسم رضوی، صدر شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا، کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ اجلاس کے دوران دہشت گردی کے خلاف متفقہ طور پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی اور اس وحشیانہ عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔

مولانا ابو القاسم رضوی نے اپنی مختصر مگر اثر انگیز تقریر میں سڈنی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کو تقسیم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے پُرعزم انداز میں کہا:

“ہمارے دل ضرور ٹوٹے ہوئے ہیں، مگر ہم ٹوٹے نہیں ہیں۔ ہم کل بھی ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔”

انہوں نے انسانی اخوت پر زور دیتے ہوئے حضرت علی علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیا کہ “لوگ دو طرح کے بھائی ہوتے ہیں؛ ایک دین کے اعتبار سے اور دوسرے انسانیت کے اعتبار سے۔”

مولانا سید ابو القاسم رضوی نے کہا کہ یہی انسانی رشتہ اور اجتماعی یکجہتی دہشت گردی کے عزائم کو ناکام بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ایک پُرامن اور خوب صورت ملک ہے، جس کی بنیاد محبت، رواداری اور باہمی احترام پر قائم ہے، اور نفرت، تشدد و انتہا پسندی اس کی خوب صورتی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

مولانا ابو القاسم رضوی کے مطابق دہشت گرد اس غلط فہمی میں مبتلا ہیں کہ وہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گے، حالانکہ اس سرزمین پر نفرت کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

تقریر کے اختتام پر مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے متاثرین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے اور وہ اکیلے نہیں ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha